تربیتی سرگرمیاں
کسی بھی تعلیم کے مفید ہونے کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ تربیت سے آراستہ ہو۔
نظامِ مسابقات
جامعہ ہذا میں طلبہ کی علمی و عملی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے سالانہ ۹ داخلی مسابقات منعقد کیے جاتے ہیں۔ ان مسابقات کا مقصد طلبہ میں ذوقِ علمی کو بڑھانا، محنت و جستجو میں اضافہ کرنا اور ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرنا ہے۔ ان تمام مسابقات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو بیش قیمت انعامات سے نوازا جاتا ہے۔ الحمدللہ اس نظام سے طلبہ میں شوقِ تعلیم اور خود اعتمادی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اہم مسابقات درج ذیل ہیں: مسابقۃ القرآن الکریم (درجات حفظ کے طلبہ کے لیے تین نشستوں میں)، مسابقہ نعت و تقاریر (تین مراحل پر مشتمل)، مسابقہ برائے علم نحو و صرف، مسابقہ برائے حفظ حدیث، مسابقہ برائے فقہ، مسابقۃ الخطابۃ فی اللغۃ العربیہ، مسابقہ برائے نورانی قاعدہ، مسابقہ برائے خطبات جمعہ و عیدین۔
انجمن اصلاح البیان
جامعہ کے بنیادی مقاصد میں سے ایک یہ ہے کہ یہاں سے تعلیم پانے والا ہر طالب علم محض ایک عالم و مدرس ہی نہیں بلکہ ایک فصیح و بلیغ مبلغ اور بہترین خطیب بھی ہو۔ جو قرآن و حدیث کے معانی و مطالب کو سادہ اور مؤثر انداز میں بیان کر سکے اور ہر میدان میں قوم کی رہنمائی کا فریضہ انجام دے سکے۔ اسی مقصد کے تحت جامعہ نے "انجمن اصلاح البیان” قائم کی ہے۔ اس انجمن میں درجاتِ عالمیت، حفظ و ناظرہ کے طلبہ شریک ہوتے ہیں۔ وہ اپنے ذوق و شوق سے منتخب کردہ موضوعات پر محنت اور مطالعہ کرکے تقاریر تیار کرتے ہیں اور انہیں بروز جمعرات بعد نمازِ مغرب پیش کرتے ہیں۔ یہ مشق ان کی خطابت کو نکھارتی ہے، خود اعتمادی پیدا کرتی ہے اور مستقبل میں بہترین مبلغ و مقرر بننے کی راہ ہموار کرتی ہے۔ الحمدللہ! یہ انجمن جامعہ کے طلبہ کی عملی تربیت کا مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہی ہے۔
النادی العربی
عربی زبان کی اہمیت اور افادیت سے انکار ممکن نہیں۔ یہ ہمارے نبی کریم ﷺ کی زبان، اہلِ جنت کی زبان اور قرآنِ کریم کی زبان ہے۔ دینِ اسلام کے بیشتر علوم و معارف عربی میں ہی مدوّن ہیں، اسی وجہ سے اس زبان کا سیکھنا اور اس پر عبور حاصل کرنا ایک عظیم شرف ہے۔ عربی جاننے والا نہ صرف اپنے دین کو بہتر سمجھ سکتا ہے بلکہ دنیا کے ایک بڑے حصے تک دعوتِ اسلام بھی پہنچا سکتا ہے۔ انہیں مقاصد کے تحت جامعہ نے ۱۴۴۴ھ/۲۰۲۳ء میں بانئ جامعہ حضرت اقدس مفتی محمد روشن شاہ صاحب قاسمی مدظلہم کی سرپرستی میں النادی العربی قائم کیا۔ اس کا مقصد طلبہ کو فصیح عربی تقاریر کی مشق کرانا اور باکمال عربی خطباء تیار کرنا ہے تاکہ وہ دین کی آواز کو عالمی سطح پر عام کر سکیں۔ الحمدللہ! بروز بدھ نمازِ عصر سے قبل یہ انجمن منعقد ہوتی ہے، جس میں طلبہ اپنے تقریری ذوق اور صلاحیتوں کا عملی اظہار کرتے ہیں۔
مجمع حکیم الامتؒ
جامعہ اسلامیہ دارالعلوم سونوری میں قائم مجمع حکیم الامّت طلبہ کی دینی، علمی اور فکری تربیت کا ایک فعال شعبہ ہے۔ اس کا مقصد طلبہ کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں علمی و لسانی میدان میں مہارت عطا کرنا ہے۔ شعبے کے تحت عربی چہارم سے دورۂ حدیث تک طلبہ کو عربی بول چال، اظہارِ خیال اور تقریر و مکالمہ کی عملی مشق کرائی جاتی ہے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اسلامی علوم کے ترجمان بن سکیں۔ اسی طرح جداری پرچوں کا اہتمام کیا جاتا ہے، جن میں طلبہ اپنے علمی، ادبی اور اصلاحی مضامین عربی، اردو اور ہندی میں لکھ کر آویزاں کرتے ہیں، جس سے ان کی فکری وتحریری صلاحیتیں پروان چڑھتی ہیں۔ علاوہ ازیں، خوشخطی کی باقاعدہ تعلیم دی جاتی ہے تاکہ طلبہ فنِ کتابت میں مہارت حاصل کریں۔ ہر بدھ کو اساتذۂ کرام کے علمی و تربیتی محاضرہ جات منعقد ہوتے ہیں جن سے طلبہ علمی و فکری طور پر مزید سنورتے ہیں۔ یہ شعبہ جامعہ کی ہمہ جہت تربیت کا ایک مضبوط ستون ہے۔
جامعہ کے تعلیمی اور رفاہی مشن کو تعاون کرنے کے لیے
حلال رزق اور محنت کی کمائی میں سے زکٰوۃ، صدقات، للہ اور عطیات کے ذریعہ جامعہ کے مشن میں شریک ہوکر ثواب دارین کے مستحق بنیں۔