مختلف شعبہ جات

ہر ادارہ کی کامیابی کے پیچھے متععد شعبوں اور اس میں اخلاص کے ساتھ کام کرنے والے عملہ کا بہت بڑا رول ہوتا ہے۔

شعبۂ تعلیمات

جامعہ کے قیام کا اصل اور بنیادی مقصد تعلیم و تربیت ہے، اور اسی غرض کے لیے تمام انتظامات کیے جاتے ہیں۔ الحمدللہ! دارالعلوم اس ذمہ داری  کو بحسن و خوبی انجام دے رہا ہے۔ تعلیمی و تربیتی نظام کو دو اہم شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے:(۱)شعبۂ تعلیمات برائے حفظ، ناظرہ و دینیات، (۲)شعبۂ تعلیمات برائے عالمیت۔ یہ دونوں شعبے جامعہ کی اساس اور مرکز کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کے ذمے طلبہ کی علمی و تربیتی نشوونما، درسی نظام کی نگرانی، اسباق اور درجات کی ترتیب و تقسیم اور سال بھر کے امتحانات و مسابقات کا انعقاد شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کامیاب طلبہ کو اسناد جاری کرنا، انعامات اور وظائف تقسیم کرنا بھی انہیں کی ذمہ داری ہے۔ جامعہ کا یہ مضبوط نظام نہ صرف طلبہ کو اعلیٰ دینی تعلیم فراہم کرتا ہے بلکہ انہیں علمی مقابلہ آرائی اورعملی میدان کے لئے بھی تیار کرتا ہے۔ یہی وہ مقصد ہے جو جامعہ کی بنیاد کا محرک بنا۔

شعبۂ تنظیم وترقی

کسی بھی ادارے کی تعلیمی و تعمیری سرگرمیوں اور منصوبوں کی تکمیل مالی وسائل کے بغیر ممکن نہیں۔ اسی لیے مالیات کی فراہمی اور غلہ جات وغیرہ کی وصولیابی کے لئے منظم نظام قائم کرنا نہایت ضروری ہے۔ جامعہ میں اس شعبہ کی ذمہ داری یہ ہے کہ آمدنی کے ذرائع کو مستحکم بنایا جائے اور تکثیرِ چندہ کے لئے مؤثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔ ما ہِ رمضان المبارک اور دیگر اوقات میں سفراء کو مختلف علاقوں میں روانہ کرنا، معاونین و محسنین سے رابطہ قائم رکھنا، اور عطیات کو امانت و دیانت کے ساتھ جامعہ تک پہنچانا اسی شعبہ کے بنیادی فرائض ہیں۔ کسی بھی ادارہ کی ترقی میں یہ شعبہ کلیدی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ تعلیم و تربیت کا سلسلہ اسی وقت کامیابی سے جاری رہ سکتا ہے جب اس کے مالی وسائل مستقل اور قابلِ اعتماد ہوں۔ الحمدللہ! جامعہ میں اس شعبہ کو ہمیشہ خاص اہمیت دی گئی ہے تاکہ ادارے کی خدمت اور ترقی میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

شعبۂ اہتمام

جامعہ کی تعلیمی، تربیتی، اخلاقی اور تعمیری سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تمام انتظامی امور کی نگرانی ایک اہم اور نازک ذمہ داری ہے۔ اس میں طلبہ کی علمی و عملی تربیت، اخلاقی و روحانی نشوونما، اساتذہ و ملازمین کی تعیناتی وبرطرفی اور جملہ داخلی و خارجی معاملات کی دیکھ بھال شامل ہے۔ جامعہ کا انتظام محض تدریسی سرگرمیوں تک محدود نہیں، بلکہ اس میں طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی، ادارے کی تعمیری پیش رفت اور معاشرتی روابط کی مؤثر تنظیم بھی شامل ہے۔ ان تمام ذمہ داریوں کو سنبھالنا ایک مضبوط، باصلاحیت اور تجربہ کار قیادت کا تقاضا کرتا ہے۔ الحمدللہ ۱۹۹۷ء سے اس عظیم منصب پر حضرت اقدس مولانا مفتی محمد روشن شاہ صاحب قاسمی مدظلہ العالی بحیثیت مہتمم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آپ نے اپنی بصیرت اور مخلصانہ محنت کے ذریعے جامعہ کو تعلیمی و تربیتی لحاظ سے ایک مثالی مقام عطا فرمایا ہے اورآج بھی  ترقی میں کلیدی رول ادا کر رہے ہیں۔

کتب خانہ ودار المطالعہ

اہلِ علم پر یہ حقیقت روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ کسی بھی دینی، علمی یا تحقیقی ادارے کے اہلکاروں کی خوابیدہ صلاحیتوں کو بیدار کرنے اورذوقِ تحقیق کو نکھارنے میں کتب خانہ بنیادی رول ادا کرتا ہے۔ جس طرح جسم کے لیے غذا ضروری ہے اسی طرح مدارس کے لیے کتب خانہ ایک روح کی حیثیت رکھتا ہے۔ علومِ اسلامیہ اور اسلاف کے افکار و اقوال کا اصل ماخذ کتابیں ہی ہیں، اس لیے ایک منظّم اور جامع کتب خانہ کسی بھی ادارے کی علمی زندگی کی علامت ہے۔ الحمدللہ! جامعہ میں ایک مرکزی کتب خانہ موجود ہے جس میں مختلف علوم و فنون پر  تقریباً سات ہزار سے زائد مستند کتابیں و رسائل محفوظ ہیں۔ طلبہ درسی اوقات کے علاوہ یہاں مطالعہ کر کے اپنی علمی تشنگی بجھاتے، شبہات رفع کرتے اور روحانی غذا حاصل کرتے ہیں۔ ہر ماہ مفید کتب کا اضافہ بھی کیا جاتا ہے۔ اہلِ خیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ جامعہ کو  کتب وقف کر کے ثواب کا ذریعہ بنیں۔

شعبۂ تدریب المعلّمین

جامعہ نے معلمینِ مکاتب کی علمی وعملی تربیت کے لیے مستقل ایک شعبہ ’’شعبۂ تدریب المعلمین‘‘ قائم کیا ہے۔ اس شعبہ کے تحت باری باری تمام معلمینِ مکاتب قرآنیہ کو دس روزہ تربیتی کورس کے لیے بلایا جاتا ہے، جہاں وہ تعلیم و تدریس کے جدید اور مؤثر طریقے سیکھتے ہیں۔ کورس کی تکمیل پر اسناد تقسیم کی جاتی ہیں۔ مزید برآں، وقتاً فوقتاً اکابر علماء و ماہرین کو دعوت دے کر تربیتی مجالس منعقد کی جاتی ہیں، جس سے معلمین کے علمی و عملی معیار میں اضافہ ہوتا ہے اور مکاتب قرآنیہ کی کارکردگی مزید بہتر ہوتی ہے۔ الحمدللہ! اب تک درجنوں ایسی تربیتی مجالس کامیابی سے منعقد ہو چکی ہیں۔ اسی طرح ہر دو ماہ بعد تمام مکاتب قرآنیہ کو اپنی شاخوں میں جمع کیا جاتا ہے، جہاں گذشتہ کارکردگی کا جائزہ لیا جاتا ہے اور آئندہ کے لیے منصوبہ بندی کی جاتی ہے۔ ان مجالس کے اثرات الحمدللہ واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔

شعبۂ مکاتب قرآنیہ

آج کا دور فتنہ و فساد اور آزمائشوں کا ہے، جہاں ایمان و اخلاق کو بگاڑنے والی نت نئی خرافات جنم لے رہی ہیں۔ معاشرہ بے ایمانی، بداعتقادی، بے حیائی، رشوت، جھوٹ، چوری اور دیگر اخلاقی بیماریوں میں تیزی سے مبتلا ہو رہا ہے۔ ایسے نازک ماحول میں جب باطل پوری تیاری کے ساتھ اسلام اور مسلمانوں کی نسلوں پر حملہ آور ہے، ان کے دینی تشخص اور تہذیب و تمدن کو مٹانے کی کوشش کر رہا ہے، اس وقت دین و ایمان کی حفاظت ناگزیر ہو جاتی ہے۔ انہی حالات میں ہماری اولین ذمہ داری ہے کہ مسلم بچوں کو دینی مکاتب و مدارس کے ذریعے بنیادی تعلیم فراہم کی جائے۔ اسی مقصد کے خاطر جامعہ نے مختلف مقامات پر مکاتبِ قرآنیہ قائم کرنے کو اپنی ترجیح بنایا ہے۔ الحمدللہ! اب تک جامعہ نے اضلاع اکولہ، بلڈانہ، امراوتی، ایوت محل اور باسم میں ۲۵۵ مکاتب قائم کیے ہیں، جن کی تعلیمی و تربیتی کیفیت کے جائزے کے لئے تین نگران (وزیٹرز) مقرر ہیں۔

شعبۂ تالیفات وتصنیفات

جامعہ نے جہاں تعلیمی و تعمیری میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں وہیں تالیف و تصنیف اور نشرو اشاعت کے شعبے میں بھی قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں۔ الحمدللہ، جامعہ کے شعبۂ نشر و اشاعت سے اب تک درجنوں علمی و دعوتی کتابیں شائع ہو کر عوام و خواص میں مقبول ہو چکی ہیں۔ ان میں حضرت جی مولانا الیاسؒ، حضرت جی مولانا یوسفؒ، حضرت جی مولانا انعام الحسنؒ، مولانا سعید احمد خان مکیؒ، مولانا منظور نعمانیؒ، مولانا محمد عمر پالنپوریؒ، مولانا یوسف لدھیانویؒ، اور دیگر اکابرینِ تبلیغ کے ملفوظات، مواعظ، بیانات اور مکاتیب شامل ہیں۔ اسی طرح نسیمِ ہدایت کے جھونکے (اردو و ہندی)، خواتین کے لیے خصوصی نسخے، دعوتی تفسیر، خطبات داعئی اسلام، حج و عمرہ کی رہنمائی اور متعدد دیگر کتب بھی منظر عام پر آ چکی ہیں۔ مزید کئی کتابیں زیر طبع ہیں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ جامعہ کی ان علمی و دعوتی کاوشوں کو امت کے لیے نافع اور صدقۂ جاریہ بنائے۔

شعبۂ دعوت وتبلیغ

یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ علمِ دین کا حاصل کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے۔ لیکن اس کے ساتھ یہ بھی لازم ہے کہ حاصل شدہ علم پر خود عمل کیا جائے اور دوسروں تک اس کی تبلیغ کی جائے۔ علمائے کرام کا منصبی فریضہ ہے کہ وہ علومِ نبویہ کی اشاعت کریں، اور امت مسلمہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کو زندہ رکھیں۔ رسول اکرم ﷺ نے ارشاد فرمایا: "بَلِّغُوا عَنِّی وَلَوْ آیَۃً" یعنی میرا پیغام پہنچاؤ خواہ ایک ہی آیت کیوں نہ ہو۔ اسی ہدایت کی روشنی میں جامعہ نے ایک مستقل شعبہ قائم کیا ہے۔ اس کے تحت طلبہ ہر جمعرات کو ایک معلّم کی امارت میں قریبی پسماندہ بستیوں کا رخ کرتے ہیں، جہاں وہ دینی دعوت و اصلاحی خدمات انجام دیتے ہیں۔ اس تربیت کا مقصد یہ ہے کہ طلبہ کو اپنی منصبی ذمہ داری کا شعور ہو اور وہ اسلام کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کا جذبہ اپنے دلوں میں راسخ کریں۔

شعبۂ دار الافتاء

علمائے کرام کی بنیادی ذمہ داریوں میں سے ایک اہم ذمہ داری عوام کے دینی، سماجی اور معاشرتی مسائل کے شرعی جوابات دینا ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر جامعہ ہٰذا میں شعبۂ دارالافتاء قائم کیا گیا ہے، جو امت کی ایک اہم اور بنیادی ضرورت ہے۔ اس شعبہ میں قرآن و حدیث کی روشنی میں مسائل کا حل پیش کیا جاتا ہے۔ عوام الناس کے ذاتی و خاندانی معاملات کے ساتھ ساتھ دورِ حاضر کی نئی پیش آمدہ صورتیں، سرکاری اسکیمیں اور ایسے مسائل جن سے اتحاد و اتفاق متاثر ہوتا ہے، ان سب کے شرعی جوابات یہاں فراہم کیے جاتے ہیں۔ جامعہ کے مہتمم حضرت اقدس مولانا مفتی محمد روشن شاہ صاحب مدظلہم خود اس شعبہ کی نگرانی فرماتے ہیں اور بذریعہ فون، واٹس ایپ یا ڈاک کے ذریعے آنے والے استفتاءات کے جوابات مرحمت فرماتے ہیں۔ الحمدللہ! یہ شعبہ بڑی کامیابی سے چل رہا ہے اور علاقے کی دینی و شرعی ضرورت کو بخوبی پورا کر رہا ہے۔

شعبۂ برقیات

جامعہ کے مختلف شعبہ جات میں سے ایک اہم شعبہ وہ ہے جو طلبہ و اساتذہ کی بنیادی ضروریات، خصوصاً پانی اور بجلی کی فراہمی کا ذمہ دار ہے، تاکہ حصول تعلیم میں کوئی خلل نہ ہو۔ یہ شعبہ پورے دارالاقامہ اور درسگاہوں میں بجلی کی سپلائی اور روشنی کا انتظام کرتا ہے تاکہ تعلیمی و تربیتی ماحول ہر وقت فعال اور سازگار رہے۔ اسی طرح وضوخانے، طہارت خانے اور بیت الخلاء میں پانی کی فراہمی کا مکمل انتظام بھی اسی شعبہ کے تحت کیا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لئے جامعہ نے ٹیوب ویل نصب کر رکھا ہے جس سے پانی کی ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔ اس پورے نظام کی دیکھ بھال اور مرمت کے لئے دو ماہر الیکٹریشن ہمہ وقت مصروف کار رہتے ہیں جو کسی بھی خرابی کی صورت میں فوری طور پر مرمت کر کے نظام کو بحال کر دیتے ہیں۔ یہ شعبہ درحقیقت جامعہ کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ان کی تسلسل کے ساتھ بحالی کا ضامن ہے۔

شعبۂ محاسبی

جامعہ کے نظام کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے جہاں تعلیمی و تربیتی شعبہ جات اہم ہیں، وہیں مالی امور کی درست نگرانی بھی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ اسی مقصد کے پیش نظر جامعہ میں ایک مستقل شعبہ قائم ہے جو آمد و خرچ کے تمام معاملات کی نگرانی کرتا ہے۔ اس شعبہ کی ذمہ داری ہے کہ جامعہ کے روزمرہ اخراجات کا درست حساب رکھا جائے، بجلی اور دیگر بلوں کی بروقت ادائیگی کی جائے، اور تعمیراتی کاموں میں ہونے والے اخراجات کو منظم طریقے سے پورا کیا جائے۔ مزید برآں، سال بھر کے آمد و خرچ کا تفصیلی گوشوارہ تیار کر کے انتظامیہ کے سامنے پیش کرنا بھی اسی شعبہ کے فرائض میں شامل ہے۔ یہ گوشوارہ نہ صرف شفافیت کو یقینی بناتا ہے بلکہ مستقبل کی منصوبہ بندی میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ الحمدللہ! اس شعبہ کی محنت اور شفاف نظام کی بدولت جامعہ کے تمام تعلیمی و فلاحی کام احسن طریقے سے جاری ہیں۔

شعبۂ نشر واشاعت

جامعہ کا بنیادی مقصد دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت اور اسلام مخالف تحریکوں کی سرکوبی ہے۔  موجودہ دور جدید ایجادات کا دور ہے جس میں مختلف ذرائع ابلاغ نے جہاں دنیوی ترقی کو فروغ دیا ہے، وہیں اخلاقی و روحانی زوال کو بھی جنم دیا ہے۔ انہیں چیلنجز کے پیش نظر جامعہ نے لوگوں کو ان کی قباحتوں سے آگاہ کرنے اور قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنے کے لئے شعبۂ نشر و اشاعت قائم کیا ہے۔ یہ شعبہ اسلامی عقائد و افکار کے فروغ، باطل افکار کی تردید اور اصلاحی و دعوتی مضامین، اشتہارات، پمفلٹ اور پرچے شائع کرنے کا کام انجام دیتا ہے۔ الحمدللہ! اس کے اثرات صرف مقامی نہیں بلکہ ملکی سطح تک پھیل چکے ہیں۔ مزید برآں، جامعہ نے عالمی سطح پر تبلیغ دین کے لئے ’’الروشنی ٹی وی‘‘ کے نام سے یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج بھی قائم کیا ہے جہاں مختلف پروگرام، مضامین، قراءت، حمد و نعت وغیرہ باقاعدگی سے پیش کیے جاتے ہیں۔

مہمان خانہ

جامعہ کے معاونین، متعلقین، بہی خواہوں اور معتقدین کی آمد و رفت سال بھر ملک کے مختلف حصوں سے جاری رہتی ہے۔ یہ افراد نہ صرف جامعہ کی زیارت کے لیے تشریف لاتے ہیں بلکہ جامعہ کے جاری اور جدید تعمیری منصوبوں کا جائزہ لینے اور اس کی ترقی پر خوشی و اطمینان کا اظہار بھی کرتے ہیں۔ ایسے معزز مہمانوں کے قیام، خورد و نوش، راحت و سکون اور مناسب سہولیات کی فراہمی کے لیے جامعہ میں ایک باقاعدہ مہمان خانہ قائم کیا گیا ہے۔ مہمان خانہ کا وجود جامعہ کی ضرورت بھی ہے اور جامعہ کی مہمان نوازی کے مزاج کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے دو افراد مستقل طور پر مامور ہیں جو مہمانوں کی خاطر داری، آرام دہ رہائش وغذا کے انتظامات نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیتے ہیں۔ یوں جامعہ آنے والے مہمان اپنے قیام کے دوران سکون اور اطمینان محسوس کرتے ہیں اور جامعہ کی خدمات سے مزید قریب تر ہو جاتے ہیں۔

دار الاقامہ

جامعہ میں بیرونِ مقام کے طلبہ کے لیے ایک مستقل شعبہ قائم ہے جو ان کی رہائش، خوراک اور عمومی نگہداشت کا ذمہ دار ہے۔ اس شعبے کے فعال اور محنتی اساتذہ طلبہ کی ذاتی تربیت، صفائی ستھرائی، نظم و ضبط اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دیتے ہیں تاکہ وہ ایک پاکیزہ، پُرسکون اور سازگار ماحول میں اپنی تعلیمی، اخلاقی اور عملی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ دارالاقامہ کی اپنی مستقل عمارت نہ ہونے کے باوجود جامعہ اپنی استطاعت کے مطابق طلبہ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرتی ہے؛ جن میں شدید گرمی سے بچاؤ کے لیے درس گاہوں میں ڈکٹنگ کے ذریعے ٹھنڈی ہوا کا انتظام، موذی جانوروں و حشرات الارض کے خطرات سے حفاظت کے لیے کھڑکیوں پر حفاظتی جالیاں، اور سردیوں کے موسم میں لحاف و دیگر ضروری سامان کی فراہمی شامل ہے، تاکہ طلبہ تمام تر دشواریوں سے آزاد ہو کر اطمینان اور یکسوئی کے ساتھ تعلیمی و تربیتی مراحل طے کر سکیں۔

شعبۂ مطبخ

جامعہ اپنے دارالاقامہ میں رہنے والے تمام طلبہ کے کھانے پینے کا باقاعدہ انتظام کرتا ہے۔ غریب اور نادار طلبہ کی مکمل کفالت جامعہ خود برداشت کرتا ہے تاکہ وہ بے فکری کے ساتھ حصولِ علم میں مشغول رہ سکیں۔ اس کے علاوہ کچھ غیر امدادی طلبہ ہیں جو سالانہ طعام فیس کے طور پر رقم جمع کراتے ہیں۔ جامعہ کا یہ شعبۂ مطبخ نہایت منظم اور متحرک انداز میں کام کر رہا ہے۔ اس شعبہ میں مخلص عملہ تعینات ہے جو اپنی ذمہ داریوں کو خوش دلی اور خدمتِ دین کے جذبے کے ساتھ انجام دیتا ہے۔ روزانہ تقریباً ایک ہزار طلبہ کے لیے دو وقت کے کھانے کے ساتھ ساتھ چائے اور ناشتے کا بھی باقاعدہ انتظام کیا جاتا ہے۔ اس شعبہ کی سب سے نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ تمام امور اوقاتِ مقررہ پر انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ انجام پاتے ہیں، جس کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم و تربیت کے عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہوتی۔

صفائی ستھرائی

صفائی ستھرائی ایمان کا حصہ اور مؤمن کی پہچان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جامعہ ہٰذا میں آغاز ہی سے صفائی کو نہایت اہمیت دی گئی ہے۔ صاف ستھرا ماحول نہ صرف ظاہری حسن کو نکھارتا ہے بلکہ ذہن و دماغ کی تازگی، دلوں کے سکون اور تعلیم و تربیت میں یکسوئی پیدا کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ جامعہ نے اس بات کا اہتمام کیا ہے کہ دارالاقامہ، درسگاہیں، وضوخانے، طہارت خانے اور تمام شعبہ جات ہر وقت پاکیزہ اور صاف رکھے جائیں۔ اس مقصد کے لیے باقاعدہ عملہ مقرر ہے جو اپنے فرائض خوش دلی اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیتا ہے۔ طلبہ کو بھی صفائی کی اہمیت ذہن نشین کرائی جاتی ہے تاکہ وہ عملی زندگی میں اس شعارِ ایمانی کو اپنائیں۔ الحمدللہ، جامعہ کا ماحول اپنی نظافت اور پاکیزگی کے باعث دوسروں کے لیے نمونہ ہے اور یہ عمل دین و دنیا دونوں کے اعتبار سے باعثِ برکت ہے۔

باغبانی

جامعہ کی ملکیت میں موجود زمین کل ۲۴/ ایکڑ پر مشتمل ہے جس میں احاطۂ عمارت سے متصل ایک وسیع و عریض پارک (گارڈن) بھی شامل ہے۔ اس پارک کو نہ صرف طلبہ اور اساتذہ کے لیے سکون و راحت کا ذریعہ بنایا گیا ہے بلکہ اس کی خوبصورتی جامعہ کے تعلیمی ماحول میں ایک روح پرور کیفیت بھی پیدا کرتی ہے۔ یہاں مختلف پھولوں کی کیاریاں، ہری بھری گھاس اور سایہ دار پیڑ پودے منظم انداز میں لگائے گئے ہیں جو فطرت سے قربت اور تازگی کا احساس دلاتے ہیں۔ اس پارک اور پھلواری کی بہتر دیکھ بھال کے لیے جامعہ نے ایک ماہر اور تجربہ کار باغبان کی خدمات حاصل کی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اس کی نگرانی اور حفاظت کرتے ہیں۔ اس پارک کی موجودگی جامعہ کے ماحول کو مزید خوشگوار بناتی ہے اور طلبہ کو ذہنی سکون کے ساتھ ساتھ جسمانی تندرستی اور طبیعت میں نشاط فراہم کرتی ہے۔

گودام

جامعہ ہٰذا میں قیام پذیر بیرونی طلبہ اور دور دراز سے تشریف لانے والے مہمانانِ کرام کے کھانے اور ناشتے کا انتظام ایک مستقل شعبہ کے تحت انجام پاتا ہے۔ یہ شعبہ اس بات کا بھی خاص خیال رکھتا ہے کہ وقت پر معیاری اور متوازن کھانا مہیا ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ اشیائے خورد و نوش کا حسبِ ضرورت ذخیرہ (Stock) کرنا اور ان کی حفاظت بھی اسی شعبہ کی ذمہ داری ہے تاکہ کسی بھی وقت مہمانوں یا طلبہ کے لیے کھانے پینے کے انتظام میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ یہ شعبہ اپنی منظم کارکردگی اور خوش اسلوبی کے ساتھ جامعہ کی مہمان نوازی کی روایت کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔ الحمدللہ، اس کے تحت تمام مہمانانِ کرام اور طلبہ کو سکون اور اطمینان کے ساتھ بہترین کھانے کی سہولت میسر آتی ہے جو جامعہ کے حسنِ انتظام اور خدمتِ خلق کے جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔

جامعہ کے تعلیمی اور رفاہی مشن کو تعاون کرنے کے لیے

حلال رزق اور محنت کی کمائی میں سے زکٰوۃ، صدقات، للہ اور عطیات کے ذریعہ جامعہ کے مشن میں شریک ہوکر ثواب دارین کے مستحق بنیں۔

اجمالی خاکہ

جامعہ کی ہمہ جہتی خدمات کا اجمالی خاکہ پیش خدمت ہے۔

علماء کرام

خدّام وملازمین

معلّمین کرام

یتیم طلبہ

کل طلبہ

نگرانِ مکاتب

اساتذۂ مکاتب

مکاتب قرآنیہ

دسویں وبارہویں پاس

حفاظ کرام